شمالی وزیرستان (نمائندہ خصوصی ) سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کے دوران شمالی وزیرستان سے 20جنوری کو اغواءکئے گئے تیل کمپنی کے چاروں ملازمین کو بازیاب کرالیا۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاع پر میرانشاہ کے علاقے ہمزونی میں خٹی کلی کے قریب آپریشن کرکے مغویوں کو بازیاب کرایا گیا۔آپریشن کے دوران سپاہی زفران اور 2تیل کمپنی کے ملازمین اغوا کاروں کی فائرنگ سے زخمی بھی ہوئے جس کے بعد زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے ایف ٹی سی اسپتال میرانشاہ منتقل کردیا گیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اغوا کاروں سے فائرنگ کے تبادلے میں 2ملزم ہلاک بھی ہوئے۔ ہلاک شدگان اغوا کاروں کی لاشیں سیکورٹی فورسز نے قبضے میں لے لیں۔اغواءکاروں کی شناخت سے متعلق کوئی تفصیلات فی الحال میڈیا کے ساتھ شیئر نہیں کی گئی ہیں۔