کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شہر کراچی میں جاری جام صادق برج کے تعمیراتی کام کے ٹینڈر کو جلد جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں عالمی بینک کے تحت جاری منصوبوں کو برق رفتاری سے پایہ تکمیل تک پہنچانا ہمارا عزم ہے۔ یہ بات جمعہ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے عالمی بینک کے وفد کی ملاقات میں سامنے آئی۔ ملاقات میں عالمی بینک کے وفد میں عبدالرزاق خلیل، احسان تحسین، فرحت اللہ سمیع، حسن افضال، بلال پراچہ، بلال خالد، کامران اکبر جبکہ عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بنہاسین اپنی ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد سے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور وزیراعلیٰ سندھ کی معاونت صوبائی وزراء، ڈاکٹر عذرا پیچوہو، شرجیل میمن، مکیش چاولا، سردار شاہ، امتیاز شیخ، جام خان شورو، حارث گزدر، چیف سیکریٹری سہیل راجپورت، چیئرمین پی اینڈ ڈی حسن نقوی، وزیراعلیٰ سندھ پرنسپل سیکریٹری فیاض جتوئی نے کی۔ اجلاس میں مختلف عالمی بینک کے منصوبوں پر پیشرفت جائرہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جائزہ اجلاس بلانے کا مقصد منصوبوں کی رفتار تیز کی جائے اور جن منصوبوں میں مسائل کا سامنا ہے انکو حل کیا جائے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ جام صادق برج کی مرمت سے متعلق ٹینڈرنگ آخری مراحل میں ہے جس پر وزیراعلیٰ نے ٹینڈر جلد از جلد جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جام صادق برج کی مرمت کا کام کراچی موبلٹی کے منصوبے کے تحت ہو رہا ہے۔ اجلاس میں سندھ سولر منصوبہ کے تحت مانجھند سائیٹ کے انتخاب پر وزیراعلی کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ مانجھند منصوبے کی پی سی 1 پلاننگ کمیشن پاکستان کو منظوری کیلئے بھیجی گئی ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے تحت ہونے والی پانی کی متاثر لائنوں کی مرمت کا کام جاری ہے جبکہ کراچی میں پراپرٹی سروے کے کام سے متعلق ٹیکنکل پہلوؤں پر کام ہو رہا ہے جس پر وزیراعلیٰ نے آئندہ ماہ پراپرٹی سروے کا کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔