کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی جرائم سے متعلق ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز شہر کے 7 اضلاع میں اسٹریٹ کرائم کی 139 وارداتیں رونما ہوئیں جن میں 53 موبائل فون/نقدی چھینی، سات کاریں چوری ہوئیں جبکہ آٹھ موٹرسائکلیں چھینی گئی اور 61موٹرسائیکلیں چوری ہونے کی وارداتیں شامل ہیں۔ ڈکیتی کے دوران اسٹریٹ کرمنلز نے مزاحمت پر چارافراد کو زخمی کیا جن میں ایک ستار ولد شوکت پی ایس منگھوپیر ضلع غربی ، دوسرا نصیر ولد غلام حسین کو پی ایس بلوچ کالونی ضلع شرقی ، تیسرا کمیل ولد سہیل اور چوتھا رمضان ولد باریک کو پی ایس سپر مارکیٹ ضلع وسطی میں ڈکیتوں نے زخمی کیا گیا ۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ پولیس نےاسٹریٹ کرمنلز/ڈاکوؤں کے ساتھ پانچ انکائوٹر کیے جن میں دو ڈکیت جائے وقوع پر مارے گئے جبکہ سات اسٹریٹ کرمنلز کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے سمیت آٹھ ملزمان کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ پولیس نے شہر بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 171 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن میں 80 اسٹریٹ کرمنلز/چور، دو قاتل، 24 ملزمان کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے ، 12 منشیات فروشی جبکہ 36دیگر جرائم میں ملوث ملزمان شامل ہیں۔وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ کراچی پولیس نے دن بھر میں 17کار لفٹرز کو گرفتار کیا۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سرچ آپریشن کے دوران 25 غیر قانونی پستول، چار کلو گرام چرس جس میں 530 گرام آئس شامل ہے برآمد کی ۔ ایڈیشنل آئی جی نے بتایا کہ دن بھر میں 21 چھینے گئے موبائل فون، 16 مسروقہ گاڑیاں جس میں پانچ کاریں اور 11موٹر سائیکلیں شامل ہیں وہ برآمد کرلی ہیں ۔وزیراعلیٰ سندھ نے سٹی پولیس کو کومبنگ آپریشن جاری رکھنے اوراسٹریٹ کرائم کو کنٹرول میں لانے کی ہدایت کی۔