لاہور (نمائندہ خصوصی ) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی کے سینئر رہنماﺅں کا اجلاس ہوا جس میں پنجاب کی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی وزراءاسحاق ڈار ،رانا ثنا اللہ ،اعظم نذیر تارڑ ،وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ ،سابق وفاقی وزیر زاہد حامد شریک ہوئے ۔اس دوران پنجاب اسمبلی کی تحلیل ،نگران سیٹ اور صوبے میں انتخابات بارے مشاورت کی گئی ۔ اس موقع پر مختلف تجاویز پر غور کر کے آئندہ کی حکمت عملی بارے مشاورت کی گئی ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں خیبر پختوانخواہ اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی اور آنے والے دنوں میں مسلم لیگ (ن) خیبر پختوانخواہ کی قیادت سے بھی مشاورت کا عمل شروع کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس موقع پر تحریک انصاف کی جانب سے مرکز میں اعتماد کے ووٹ کی بازگزشت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔شہباز شریف سے نامزد اٹارنی جنرل منصور اعوان ایڈووکیٹ نے بھی ملاقات کی ۔