اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے چینی سفیر نونگ رونگ نے الوداعی ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر گفتگو کی گئی ۔جمعہ کو ہونے والی ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی نے پاک-چین تعلقات کو نئی جہتوں تک پہنچانے میں چین کے سفیر نونگ رونگ کی خدمات کو سراہا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ پاک-چین دوستی پوری دنیا کے لیے ایک مثال ہے، پاک-چین دوستی ہمیشہ ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ دونوں دوست ممالک میں تعلقات باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی ہیں۔ راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ چین کی طرف سے پاکستانی عوام کے لیے تحفہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان میں آنے والے حالیہ سیلاب کے دوران ریلیف اور بحالی کے لیے چین نے بڑھ چڑھ حصہ لیا ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستانی قوم اس فراخدلانہ امداد پر چین کی عوام اور حکومت کی مشکور ہے، چینی سفیر نونگ رونگ نے سپیکر قومی اسمبلی کے تاثرات کو سراہا۔چینی سفیر نے کہاکہ چین کی حکومت اور عوام کو بھی پاکستان کے ساتھ اپنی سدا بہار دوستی پر فخر ہے، چین پاکستان کی تعمیر و ترقی میں تعاون جاری رکھے گا۔ چینی سفیر نے کہاکہ دونوں ممالک نے ہمیشہ علاقائی اور عالمی فورم پر ایک دوسرے کے موقف کی تائید کی ہے۔ چینی سفیر نے کہاکہ چین کے عوام پاکستان کی عوام کے ساتھ ملکر علاقائی ترقی اور خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے پر عزم ہے۔