اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ) صدر عارف علوی نے قومی اسمبلی کا شیڈول اجلاس 16 جنوری کی شام پانچ بجے پارلیمنٹ ہاﺅس میں طلب کیا ہے ،یہ اجلاس آئین کے آرٹیکل 54 ون کے تحت طلب کیا گیا ہے جو کہ 2 ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ صدر سینیٹ کا اجلاس آج ( جمعہ ) کو طلب کر چکے ہیں ،قومی اسمبلی کے ذرائع نے بتایا کہ صدر کی طرف سے طلب کردہ شیڈول کے مطابق ہے اس حوالے سے وزیر اعظم نے ایڈوائس صدر مملکت کو وزارت پارلیمانی امور کے ذریعے بھجوائی تھی ،اجلاس میں معمول کا ایجنڈا نمٹایا جائیگا ،متعدد بلز ،قانون سازی کیلئے پیش ہوں گے جبکہ مختلف قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس بھی ایوان میں بھی پیش کی جائیںگی ،بڑھتی ہوئی مہنگائی اور دیگر عوامی امور کے معاملات پر بھی قومی اسمبلی بحث کرے گی۔