کراچی ( نمائندہ خصوصی )بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی، حیدرآباد اور ٹھٹھہ ڈویژن کے 16 اضلاع میں مجموعی طور پر 727 امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوچکے ہیں، جن میں کراچی ڈویژن کے 7، حیدرآباد ڈویژن کے 410 اور ٹھٹھہ ڈویژن کے 310 امیدوار شامل ہیں، تینوں ڈویژن میں 8857 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں جن میں سے 8153 کو حساس یا انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، کراچی کے 22 امیدواروں سمیت حیدرآباد اور ٹھٹھہ ڈویژن کے اضلاع میں انتقال کرجانے والے امیدواروں کی تعداد بھی 49 تک پہنچ گئی ہے، دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں 17863 امیدوار ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے ضلع ملیر میں چیئرمین وائس چیئرمین کی 1 مشترکہ نشست جبکہ 3 وارڈ ممبر، ضلع وسطی میں 1، ضلع کورنگی میں 1 اور ضلع کیماڑی میں بھی 1 وارڈ ممبر بلامقابلہ کامیاب ہوچکا ہے۔ دوسری جانب ضلع شرقی میں 5 وارڈ ممبر، ضلع وسطی میں 2 چیئرمین وائس چیئرمین، ضلع جنوبی میں چیئرمین وائس چیئرمین کی نشست پر 1، ضلع کورنگی میں چیئرمین وائس چیئرمین کے عہدے پر 3 اور 2 وارڈ ممبر، ملیر میں 1 وارڈ ممبر، ضلع غربی میں چیئرمین وائس چیئرمین کے 2 جبکہ کیماڑی میں چیئرمین وائس چیئرمین کی نشست پر 1 اور 5 وارڈ ممبر انتقال کرچکے ہیں۔ اس طرح اب کراچی کی 1203 نشستوں پر پولنگ ہوگی۔ اسی طرح حیدرآباد میں میونسپل کمیٹی، ٹاﺅن کمیٹی، ممبر ڈسٹرکٹ کونسل اور چیئرمین وائس چیئرمین کی نشستوں پر 167، جامشورو میں 36، مٹیاری میں 38، ٹنڈوالہ یار میں 35، ٹنڈو محمد خان میں 67، دادو میں 67، ٹھٹھہ میں 122، سجاول میں 136 اور بدین میں 22 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔ ان کامیاب امیدواروں کی مجمموعی تعداد 620 ہے۔ دوسری جانب حیدرآباد میں 10، جامشورو میں 1، مٹیاری میں 1، ٹنڈو الہ یار میں 2، دادو میں 3، ٹھٹھہ میں 2، سجاول میں 2 اور بدین میں 6 امیدوار انتقال کرچکے ہیں جس کے بعد حیدرآباد ڈویژن کے اضلاع میں 1675 جبکہ ٹھٹھہ ڈویژن کے اضلاع میں تمام کیٹگریز کی 709 نشستوں پر انتخابات ہونگے۔ الیکشن کمیشن نے 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کی پولنگ کے لیے کراچی میں 4990 پولنگ اسٹیشنز بنائے ہیں جن میں سے 3415 کو حساس، 1496 کو انتہائی حساس اور 79 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔ حیدرآباد ڈویژن کے 2674 پولنگ اسٹیشنز میں سے 1270 حساس، 779 انتہائی حساس اور 625 نارمل ہیں۔ ٹھٹھہ ڈویژن میں 1193 مجموعی پولنگ اسٹیشنز میں سے 1008 کو حساس اور 185 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے یہاں کوئی پولنگ اسٹیشن نارمل نہیں ہے۔ کراچی کے 7 اضلاع میں 9058 مجموعی امیدواروں میں سے چیئرمین وائس چیئرمین کی نشست پر 2166 جبکہ وارڈ ممبر کے لیے 6892 امیدوار انتخابی جنگ میں شامل ہیں۔ حیدرآباد ڈویژن میں تمام کیٹگریز پر 6228 اور ٹھٹھہ ڈویژن میں 2577 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔