اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ بدھ کو جاری رہا جس کے باعث سردی کی شدت بڑھ گئی جبکہ مری میں برف باری کے پیش نظر قومی شاہراہوں کی بحالی کیلئے این ایچ اے متحرک، مشینری پہنچا دی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری کا سلسلہ بدھ کو بھی جاری رہا جس کے بعد سردی کی شدت بڑھ گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کوئٹہ اور گرد و نواح میں رات گئے بارش کا سلسلہ شروع ہواجو آئندہ دو روز کے دوران صوبے کے 13 اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواﺅں کے داخل ہونے سے گیارہ سے تیرہ جنوری تک بلوچستان کے 13 اضلاع کوئٹہ، ڑوب، بارکھان، زیارت، نوکنڈی، دالبندین، قلات مستونگ، ہرنائی، قلعہ سیف اللّٰہ، قلعہ عبداللّٰہ، چمن، پشین اور ملحقہ علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے جس کے بعد ان علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں 17 جنوری کے دوران سرد لہر اور سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے درجہ حرارت 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کی پیشنگوئی کردی۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاڑکانہ، کشمور، جیکب آباد، قمبر شہداد کوٹ، تھرپارکر میں درجہ حرارت 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔بینظر آباد، نوشہرو فیروز، خیرپور، سکھر، گھوٹکی، سانگھڑ میں درجہ حرارت 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے جبکہ کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، ٹنڈو محمد خان میں کم سے کم درجہ حرارت 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔