اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان میں برطانیہ کے سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے ملاقات کی جس میں صدر مملکت نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ صدر مملکت نے کہا کہ دوطرفہ تجارت کو 2021 میں 3.1 ارب پاو¿نڈ کی سطح سے مختصر عرصے میں 10 بلین ڈالر سالانہ تک لے جایا جا سکتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ نئے مواقع اور منڈیوں کی تلاش، مصنوعات اور خدمات کو متنوع بنا کر، اور ملک میں اقتصادی اور سیاسی استحکام کو یقینی بنا کر دوطرفہ تجارت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ عارف علوی نے کہاکہ پاکستان میں برطانیہ کی جانب سے تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے سے ملک کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ عارف علوی نے کہاکہ دوطرفہ معاشی تعلقات میں اضافے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور مستقبل میں ترقی کی شرح کو برقرار رکھا جا سکے گا۔ صدر مملکت نے کہاکہ برطانیہ کی ترقی پذیر ممالک کیلئے تجارتی اسکیم پاکستان کو ٹیرف میں کمی اور آسان شرائط فراہم کرے گی ۔ انہوںنے کہاکہ تجارتی اسکیم سے پاکستان سے برطانیہ کو 94 فیصد سے زائد اشیا کی ڈیوٹی فری برآمد ممکن ہو سکے گی ۔صدر مملکت نے برطانیہ کی ترقی پذیر ممالک کیلئے تجارتی اسکیم میں پاکستان کی شمولیت کو سراہا ۔صدر مملکت نے دونوں ممالک کے مابین آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کرنے کیلئے پیش رفت تیز کرنے پر بھی زور دیا۔ صدرمملکت نے کہاکہ 120 برطانوی کمپنیاں پاکستان میں تقریباً 10 بلین ڈالر کی مجموعی سرمایہ کاری کے ساتھ کام کر رہی ہیں ۔صدر مملکت نے مختلف شعبوں میں تعلقات آگے لے جانے کے لیے 10 سالہ روڈ میپ تیار کرکے دو طرفہ پارٹنرشپ بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔
ہمارے لوگوں کو کہا جا رہا ہے عمران خان پر ریڈ لائن لگا دی، عمران خان
پیسوں کی آفر اور دھمکیاں بھی دی گئیں، لوگوں کو کہا جا رہا ہے کہ ہم نےعمران خان کو مائنس کر دیا ہے، اس کا کوئی فیوچر نہیں ، چیئرمین پی ٹی آئی
اللہ کے بعد پاکستان کی وارث پاکستان کی عوام ہے، ریڈ لائن صرف اللہ کی ذات ڈال سکتی ہے، جن میں یہ تکبر، فرعونیت ہے ان میں کوئی عقل نہیں، خطاب
لاہور () چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پیسوں کی آفر اور دھمکیاں بھی دی گئیں، لوگوں کو کہا جا رہا ہے کہ ہم نےعمران خان کو مائنس کر دیا ہے، اس کا کوئی فیوچر نہیں اس پر ریڈ لائن لگا دی ہے۔ لاہور میں پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ اللہ کے بعد پاکستان کی وارث پاکستان کی عوام ہے، ریڈ لائن صرف اللہ کی ذات ڈال سکتی ہے، جن میں یہ تکبر، فرعونیت ہے ان میں کوئی عقل نہیں، جس نے تاریخ پڑھی ہو کبھی ایسی احمقانہ بات نہیں کر سکتا، کسی پر بھی سرخ لکیر صرف عوام ڈال سکتی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ڈنڈے کے زور پرعوام کی اوپنین کو موڑنے کا فیصلہ ہوا، پتا نہیں کون سے جینئس ایسے فیصلے کرتے ہیں، 25 مئی کو جانوروں کی طرح ڈنڈے مارے گئے،30 سال ان چوروں کی حکومت کی وجہ سے پاکستان دنیا سے پیچھے رہ گیا، 30 سال تک دو خاندان لوٹ مار کرتے رہے، ان دو خاندانوں کا ایک ہی کام پیسہ چوری اور این آراو لینا تھا، انہوں نے معیشت ٹھیک کرنے کیلئے کبھی کوئی روڈ میپ نہیں دیا۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پی ڈی ایم اتحاد نے اقتدار میں آتے ہی اپنے 1100 ارب کے کرپشن کیسز معاف کرائے اور اکانومی ڈوبنا شروع ہو گئی ہے، ان کا ماضی ہے جب بھی اقتدار میں رہے اکانومی کا برا حال کیا، یہ سوچ رہے تھے شہباز شریف بڑا جنیئس ہے، ہم نے اقتدار سنبھالا تو بینک کرپٹ اکانومی کو سنبھالا، کورونا کے باوجود ہماری معیشت بہتری کی طرف جا رہی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ نے تحریک انصاف کو وہ مقبولیت دی جو کسی اور جماعت کو نہیں مل سکی، ہمارے جلسوں میں عوام نے بار بار بتایا وہ کدھر کھڑی ہے، ہماری حکومت ایک سازش کے تحت گرائی گئی، پہلےحکومتوں کو ہٹایا جاتا تو مٹھایئاں بانٹی جاتی تھیں اس بارایسا نہیں ہوا، ریڈ لائن ڈالنے والوں کو جب عوام باہر نکلے تو شاک لگا