لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ق)کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو ہر روز فقیر کہہ کر پکارا جا رہا ہے، وہ یہ گداگری پاکستان کیلئے کر رہے ہیں جس پر انہیں فخر ہونا چاہیے۔اپنے بیان میں چودھری شجاعت نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر خارجہ پاکستان میں موجود سیلاب زدگان کی بحالی کے ساتھ ساتھ عوام کی معاشی صورتحال بہتر بنانے کی خاطر پیسے مانگ رہے، یہ پیسے اگر انہیں چوک میں کھڑے ہو کر بھی مانگنے پڑےں تو اس پر بھی انہیں فخر ہونا چاہیے اور اس نیک کام میں ہم بھی ان کے ساتھ شریک ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ ادھر ادھر سے چند مثالیں ڈھونڈ کر بیان دیتے ہیں انہیں بھی چاہیے کہ ہر قدم عوام کی خاطر اٹھایا کریں، ایسے لوگوں پر یہ شعر لاگو ہوتا ہے کہ ”تو ادھر ادھر کی نہ بات کر یہ بتا کہ قافلہ کیوں لٹا….مجھے رہزنوں سے گلہ نہیں تیری رہبری کا سوال ہے“۔