انقرہ (نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے بیرونی ممالک کے دوروں کا مقصد پاکستان کے لئے تجارت کے مواقع تلاش کرنا، پرانی دوستیوں کو بحال کرنا اور عمران خان کی نااہلی اور بے وقوفیوں کی وجہ سے دوست ممالک میں جو غلط فہمیاں پیدا ہو گئی تھیں ، ان کو درست کرنا ہے ۔ صوبائی وزیر نے جاری اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان کی نااہلی کی وجہ سے پاکستان دنیا میں تنہا رہ گیا تھا ۔ عمران خان کی حکومت کی ناقص خارجہ پالیسی اور ناتجربہ کاری کے باعث پاکستان کو سفارتی محاذ پر شدید نقصان پہنچا ۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ادوار میں پاکستان کے تمام ممالک اور بالخصوص مسلمان ممالک سے مثالی تعلقات رہے ۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بحیثیت وزیر خارجہ نہ صرف بین الاقوامی سطح پر تعلقات کو بہتری کی طرف لے جانے کے مشن پر ہیں۔ بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا مقدمہ لڑ رہے ہیں اور عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج بحال کرنے کے لئے کوشاں ہیں ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ویژن ہے کہ ہمیں امداد نہیں تجارت Trade Not aid
چاہیے