واشنگٹن/کیلیفورنیا(نیٹ نیوز )سابق وزیر اعظم سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کیلیفورنیا اور پنجاب کے درمیان سسٹر پروونس معاہدہ تجارت، زراعت، کاروبار، ٹیکنالوجی، ماحولیات اور عوامی رابطوں سمیت اہم شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دےگا جبکہ امریکہ میں پاکستان کے سفیر سر دارمسعود خان نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب اور کیلیفورنیا کے مابین تاریخی سسٹر پروونس معاہدہ نہ صرف دونوں فریقین کے درمیان ہر سطح پر روابط کو مضبوط بنانے کے ضمن میں اہم سنگ میل ہے بلکہ یہ پاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی کوششوں کو تقویت فراہم کرے گا۔ کیلیفورنیا کی ریاستی اسمبلی کی قیادت کی جانب سے گورنر ہاوس میں پاکستانی وفد کے اعزاز میں منعقدہ اعلیٰ سطحی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں وفاقی اکائیوں کے درمیان موجودہ صلاحیت کو بروئے کار لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان امریکہ کو اپنا قریبی اتحادی سمجھتا ہے اور ہم اپنے دوطرفہ تعلقات کو پارلیمانی اور عوامی تبادلوں کے ذریعے مزید مضبوط کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ریاست کیلیفورنیا اور صوبہ پنجاب کے درمیان تاریخی معاہدے کے موقع پر خصوصی طور پر منعقد کی جانے والی استقبالیہ تقریب میں کیلیفورنیا کی لیفٹیننٹ گورنر، اسپیکر اور کیلیفورنیا اسٹیٹ اسمبلی کے اراکین کی بڑی تعداد سمیت پاکستانی نڑاد امریکی کمیونٹی رہنماوں نے بھی شرکت کی۔ممتاز پاکستانی نژاد امریکی رہنما ڈاکٹر آصف محمود جنہوں نے حال ہی میں امریکی ایوان نمائندگان کے لیے کیلیفورنیا سے الیکشن لڑا، نے اس تا ریخی معاہدے کو یقینی بنانے کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے اور اس حوالے سے وہ ریاستی اسمبلی کی قیادت اور قانون سازوں کے حمایت حاصل کے لئے انتھک کوششیں کرتے رہے ہیں۔