اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایک ارب ڈالرز سے زائد کے معاہدے ہوں گے۔پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے سعودی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذریعے آئندہ دنوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تیل کے شعبے میں ایک ارب ڈالر سے زائد کے معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔سعودی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ 1947میں جب پاکستان معرض وجود میں آیا تو سعودی عرب ان پہلے ملکوں میں شامل تھا جس نے پاکستان کو تسلیم کیا اور مدد فراہم کی۔ سعودی عرب کے بانی سے لے کر خادم الحرمین الشریفین سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان تک سعودی حکومت نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا اور اقتصادی اور مالی مدد فراہم کی۔نواف سعید المالکی نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات مثالی اور گہرے ہیں۔ حال ہی میں سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا جائزہ لینے کا اعلان کیا گیا۔ اس کے علاوہ سعودی ڈیپازٹ کو بھی بڑھانے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یہ اقدامات سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مضبوط تذویراتی شراکت داری کی عکاسی کرتے ہیں۔