اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وزیراعظم شہباز شریف سرمایہ کاری، اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے (آج)جمعرات12 جنوری کو دو روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات جائیں گے۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کی دعوت پر وزیراعظم محمد شہباز شریف 12 سے 13 جنوری تک متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد متحدہ عرب امارات کا یہ تیسرا دورہ ہوگا، جس میں کابینہ کے اہم ارکان سمیت اعلی سطح کا وفد بھی ہوگا۔ وزیر اعظم دورے کے موقع پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کریں گے، جس میں دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات آگے بڑھانے اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔دونوں ممالک کے سربراہان باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم، نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم سے بھی ملاقات کریں گے۔دورے میں وزیراعظم اماراتی تاجروں اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کریں گے تاکہ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔