لاہور/کراچی( نمائندہ خصوصی) پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کا راج برقرار ہے، حدنگاہ متاثر ہونے کے باعث مختلف مقامات سے موٹرویز ٹریفک کیلئے بندکردی گئی ،لاہور ایئرپورت پر فضائی آپریشن بھی متاثر ہوا ، اندرون و بیرون ممالک آنے جانے والی متعدد پروازیں منسوخ ہونے سے مسافروںکو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی ۔ موٹر وے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث ایم 2 لاہور، اسلام آباد موٹروے ٹھوکر نیاز بیگ سے کوٹ مومن تک اور پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد موٹروے ایم 3درخانہ سے فیض پور تک ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی ۔موٹر وے پولیس کے مطابق فیصل آباد ملتان موٹروے ایم 4 عبدالحکیم سے پنڈی بھٹیاں تک اور سکھرملتان موٹروے ایم 5 شیر شاہ سے اوچ شریف جبکہ سیالکوٹ، لاہور موٹروے ایم 11 کالا شاہ کاکو سے سمبڑیال تک ٹریفک کیلئے بند کی گئی ۔دوسری جانب ٹریفک پولیس کے مطابق قومی شاہراہوں پر بھی دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی ۔ موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ناگزیر صورتحال میں سفر سے پہلے راستہ ایپ سے معلومات حاصل کریں۔دوسری جانب لاہور سے اسلام آباد جی ٹی روڈ بھی شدید دھند کی لپیٹ میں رہی ، گوجرانوالہ، گجرات ، وزیر آباد سمیت دیگر علاقوں میں دھند کا راج رہا، لاہور سے کراچی جانے والی نیشنل ہائی وے پر بھی شدید دھند رہی۔