اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوئی۔ کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کی۔کانفرنس کے دوران قومی سلامتی، جیو سٹریٹجک امور، جنگی تیاریوں اور جوانوں کی تربیت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک بحریہ کے متعدد پراجیکٹس پر جاری پیش رفت بشمول مستقبل کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ لائحہ عمل تبادلہ خیال کیا گیا۔ کانفرنس میں خطے اوردیگر سمندری امور کا جائزہ بھی لیا گیا۔نیول چیف نے پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کو مؤثر انداز سے ناکام بنانے کے لیے مستقل جنگی تیاریوں کو برقرار رکھنے پر زور دیااورجدید ٹیکنالوجیز کے حصول سے پا ک بحریہ کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔نیول چیف نے ملکی بحری سرحدوں کی حفاظت میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔