اسلام آباد (نیٹ نیوز ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنیوا کانفرنس میں 9 ارب ڈالر سے زائد رقم ملنا غیبی امداد سے کم نہیں، اتنی بڑی رقم کا پاکستان کو ملنا موجودہ اتحادی حکومت پر دنیا کے اعتماد کا اظہار ہے۔تفصیلات کے مطابق جنیوا میں پاکستانی افسران اور ارکان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے جینیوا کانفرنس کی کامیابی پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ اللہ تعالی کا شکرہے جس نے پاکستان اور مصیبت زدہ عوام کے لیے بہتری کی راہ کھولی، 9 ارب ڈالر سے زائد رقم سیلاب متاثرین اور پاکستان کی بحالی کے لیے غیبی امداد سے کم نہیں، اتنی بڑی رقم کا پاکستان کو ملنا موجودہ اتحادی حکومت پر دنیا کے اعتماد کا مظہر ہے۔انہوں ںے کہا کہ یہ اکائیوں اور بائیس کروڑ عوام کے اتحاد کی کامیابی ہے، یہ پاکستان کے ٹیم ورک کی کامیابی ہے، وفاق اور اکائیوں کے اسی ٹیم ورک اور قومی جذبے سے پاکستان اور عوام کو مشکلات کی دلدل سے نکالیں گے، اس امانت کو دیانت داری، شفافیت اور تھرڈ پارٹی آڈٹ سے حق داروں تک پہنچائیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ تمام عالمی پارٹنرز بالخصوص سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا تہہ دل سے شکرگزار ہوں، ہمیشہ مہربان بھائی سعودی عرب، عظیم دوست چین، برادر ملک ترکیہ کی قیادت کے مشکور ہیں، ولی عہد اور سعودی عرب کے وزیراعظم عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے کانفرنس کے علاوہ پاکستان کی مالی معاونت کا فراخ دلانہ اور برادرانہ قدم اٹھایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عظیم برادر ممالک متحدہ عرب امارات اور قطر کی قیادت کا خاص طور پر شکریہ ادا کرتے ہیں، یورپی یونین، امریکا، جرمنی، جاپان، فرانس سمیت کانفرنس میں شریک تمام ملکوں کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہیں، عالمی مالیاتی اداروں کا شکریہ جنہوں نے 3 کروڑ 30 لاکھ سیلاب متاثرین کی مشکلات کو سمجھا۔ان کا کہنا تھا کہ اسلامی ترقیاتی بینک، ورلڈ بینک، اے ڈی بی، یو ایس ایڈ، ڈیفیڈ اور دیگر اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں وزارت خارجہ نے کانفرنس کے مقاصد کے حصول میں نہایت متحرک اور قابل تحسین کردار ادا کیا، وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کانفرنس کو پاکستان کو درپیش مالی مشکلات سے آگاہ کرنے، سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے درکار وسائل کی فراہمی اور عالمی مالیاتی اداروں کو قائل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ احسن اقبال کے صوبوں کی مشاورت سے ہنگامی بنیادوں پر تیار کردہ 4 آر ایف کی جامع دستاویز تیار کی جس کی وجہ سے یہ رقوم پاکستان کو ملنا ممکن ہوسکا، اس دستاویز میں نقصانات اور بحالی کے لئے مستقبل کا خاکہ دیاگیا ہے، احسن اقبال، شیری رحمن، سردار ایاز صادق، حنا ربانی کھر اور مریم اورنگزیب کو ان کی بہترین کاوشوں پر شاباش دیتا ہوں۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ جینیوا کانفرنس کی کامیابی کے لیے تمام متعلقہ وزارتوں اور محکموں کی تحسین کرتا ہوں، آپ سب نے ’ٹیم پاکستان‘ بن کر پاکستان کے لیے کامیابی حاصل کی، آپ سب پر فخر ہے، الحمداللہ، پاکستان مشکلات کے بھنور سے نکل رہا ہے، اللہ تعالی کی مدد اور عوام کے تعاون سے پاکستان کی طرف بڑھتی ہر مشکل کا جرات ودانائی سے مقابلہ کریں گے۔