اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم محمد شہباز شریف اعلی سطحی وفد کے ہمراہ اسلام آباد سے جنیوا روانہ ہو گئے وزیر اعظم کے وفد میں وزیر خارنہ بلاول بھٹو زرداری ، وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار وزیر براۓ موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان اور وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب شامل ہیں
وزیر اعظم 9 جنوری 2023 کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کے ساتھ مل کر پاکستان کی تعمیر نو اور بحالی میں شراکت کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کریں گے۔ پاکستان کانفرنس میں تعمیر نو اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کا فریم ورک پیش کرے گا، اور اس کو عملی جامہ پہنانے کے لیے بین الاقوامی تعاون اور طویل المدتی شراکت داری کی اہمیت پر زور دے گا۔ کانفرنس میں اعلی سطحی افتتاحی اجلاس کے بعد باضابطہ طور پر تعمیر نو اور بحالی میں شراکت کی دستاویز پیش کی جاۓ گی، اور بعد ازاں پارٹنر سپورٹ کے اعلانات کیے جائیں گے۔ وزیراعظم اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل مشترکہ پریس اسٹیک آؤٹ میں بھی شرکت کریں گے۔کانفرنس میں سربراہان مملکت و حکومت، وزراء اور متعدد ممالک کے اعلیٰ سطحی نمائندے اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں، فاؤنڈیشنز اور فنڈز کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی ترقیاتی تنظیموں، نجی شعبے، سول سوسائٹی اور آئی این جی اوز کے نمائندے شرکت کریں گے۔