کراچی(کرائم رپورٹر )شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ڈاکوﺅں نے دوران لوٹ مار مزاحمت کرنے پرمزید چار شہریوں کو زخمی کردیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں اسٹریٹ کرائمز اپنے عروج پر ہیں، ڈاکوﺅں کی جانب سے شہریوں کو لوٹ مار کے دوران فائرنگ کرکے ہلاک کرنے یا زخمی کرنے کا سلسلہ معمول بن چکا ہے، اتوارکو بھی فائرنگ سے چار شہری زخمی ہوئے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق زمان ٹاﺅن کے علاقے کورنگی سو کوارٹر چار پول کے قریب ڈاکوﺅں نے لوٹ مار کی واردات کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے ایک شخص کو زخمی کر دیا اور فرار ہوگئے۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی کی شناخت 24 سالہ محمد جنید ولد محمد اشرف کے نام سے ہوئی۔بلدیہ ٹاﺅن کے علاقے دو نمبر جلی ہوئی فیکٹری کے قریب ڈاکوﺅں نے لوٹ مار کی واردات کے دوران مزاحمت پر 28 سالہ عبدالوارث ولد عبدالرشید کو زخمی کردیا جسے امداد کے لیے سول اسپتال لایا گیا۔مدینہ کالونی کے علاقے بلدیہ ٹاﺅن 24 مارکیٹ فیصل بیکری کے قریب ڈاکوﺅں نے مزاحمت پر 35 سالہ شیراز علی ولد عمران علی کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔اسی طرح سہراب گوٹھ تھانے کے علاقے ایوب گوٹھ سے غریب آباد جاتے ہوئے ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر نامعلوم مسلح ملزمان نے 28 سالہ مہربان ولد عبدالستار کی ٹانگ پر گولی مار دی۔ سہراب گوٹھ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ رقم چھینے کی واردات کے دوران پیش آیا۔