اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کی عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایک وفد سے جنیوا میں ہونے والی کانفرنس کے موقع پر ملاقات متوقع ہے تاکہ فریقین کے درمیان حل طلب امور پر بات چیت کی جا سکے۔کلائمیٹ ریزلنٹ پاکستان کانفرنس(آج)پیر کو جنیوا میں منعقد ہوگی جس کی میزبانی حکومتِ پاکستان اور اقوام متحدہ مشترکہ طور پر کریں گے۔اس کانفرنس کا مقصد 2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد عوام اور حکومت کی مدد کےلئے حکومتی نمائندوں، سرکاری اور نجی شعبوں کے رہنماوں اور سول سوسائٹی کو اکٹھا کرنا ہے۔اس حوالے سے ترجمان آئی ایم ایف نے بتایا کہ منیجنگ ڈائریکٹر آی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا نے 6 جنوری کو وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ فون پر سیرحاصل گفتگو کی۔انہوں نے بتایا کہ کرسٹالینا جارجیوا نے سیلاب سے براہ راست متاثر ہونے والوں سے دوبارہ اظہار ہمدردی کیا اور بحالی کے اقدامات کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔