کراچی(نمائندہ خصوصی )بلدیاتی انتخابات کے نزدیک آتے ہی سیاسی جماعتوں نے کراچی میں انتخابی مہم شروع کردی ہے جس کے لئے جگہ جگہ ریلیوں، جلسوں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔اتوارکوپاکستان پیپلزپارٹی کے تحت ریلی کا انعقاد کیاگیا، جس کا آغاز بلاول ہاﺅس چورنگی سے ہوا، جو میٹروپول سے ہوتی ہوئی شاہراہ فیصل، کارساز سے اسٹار گیٹ پراختتام پذیرہوئی۔پی پی پی کی ریلی میں قائدین کی تقاریر، میڈیا اور ساﺅنڈ سسٹم کیلئے علیحدہ علیحدہ ٹرک بلاول ہاﺅس چورنگی پہنچے ریلی سے صوبائی اور کراچی ڈویژن کے قائدین نے خطاب کیا۔پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بھی اتوارکوکراچی میں خواتین کنونشن کا انعقاد کیاگیا، جس سے پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے جبکہ مرکزی جنرل سیکرٹری اسد عمر اور کنول شوزب نے خطاب کیا۔تحریک انصاف کے خواتین کنونشن کا انعقاد گلستانِ جوہرکیاگیاجبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے سندھ میں سیاسی سرگرمیوں اور عوامی رابطہ مہم کا سلسلہ جاری ہے۔اتوارکو جماعت اسلامی نے بھی مزار قائد سے متصل گراﺅنڈ باغ جناح میں ایک بڑے جلسے کا انعقاد کیا۔جلسے میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سمیت دیگرقائدین نے خطاب کیاشہر کے مختلف مقامات سے قافلوں نے ریلیوں کی شکل میں جلسے میں شرکت کی ، جلسے میں خواتین کے لیے الگ حصہ مختص کیاگیا تھا۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی تاریخ 15 جنوری مقرر کی گئی ہے، جس کے تحت کراچی اور حیدرآباد میں ووٹنگ ہوگی۔