لاہور( نمائندہ خصوصی ) وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہاہے کہ عمران خان ملک کو ڈیفالٹ کرانا چاہتے ہیں ،پرویز الٰہی اور محمود خان عمران خان کے ساتھ ہاتھ کرگئے ہیں ،قومی سلامتی کے ادارے کو اتنا ہمارے دشمن نے بدنام نہیں کیا جتنا عمران خان نے کیاہے ،جھوٹے الزامات لگاکر اداروں کو بدنام کرنے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے ، اس وقت ملک کو آگے لے جانے کا وقت ہے ،اگر اداروں کو تباہ کیاگیا تو نفرت مزید بڑھے گی، پختونوں کے مسائل کے حل کےلئے ہمیشہ کھڑا رہوں گا پختونوں کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حل کےلئے اعلی سطح پر بات کروں گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ایوان اقبال میں پختون فلاحی تنظیم کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود احمد خان ، وحید گل اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔انہوںنے کہا کہ ہم سب پاکستان ہیں ، ہمیں ذات پات سے بالاتر ہوکر ملک کے لئے کام کرنا ہوگا ،قبائلی عوام نے جانوں کی قربانی دے کر پاکستان کا جھنڈا بلند کیا۔انہوںنے کہا کہ پختونوں کے مسائل کی آواز اٹھاتا رہوں گا، پختونوں کو کبھی مایوس نہیں ہونے دوں گا، پختونوں نے بہت مشکلات دیکھیں ،ہزاروں جانیں دیں ،بغیر تنخواہ کے پختون پاکستان کو سکیورٹی دے رہے ہیں،سعد رفیق کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی گئی ہے ،نادرا اور پاسپورٹ کے ڈی جی کو بلاکر جائز مطالبات پورے کریں گے، پختونوں کے ساتھ کسی قسم کی ناانصافی بالکل برداشت نہیں کریں گے،پختونوں کے ساتھ ایک ہی پالیسی رکھیں، پنجاب پولیس اور انتظامیہ اگر پختونوں پر دباﺅ ڈالے گی تو نفرتیں پیدا ہوں گی، پختون عزت چاہتے ہیں ، سب کی ذمہ داری ہے کہ عزت دیں ۔