اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)
وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آج کویت کے وزیر اعظم عزت مآب شیخ احمد نواف الاحمد الجابر الصباح سے ٹیلی فونک گفتگو کی۔ وزیر اعظم پاکستان نے کویتی وزیر اعظم کو 9 جنوری 2023 کو جنیوا میں منعقد ہونے والی کلائمیٹ ریزیلیئنٹ پاکستان پر بین الاقوامی کانفرنس سے آگاہ کیا اور کانفرنس میں کویت کی اعلیٰ سطح پر شرکت کی درخواست کی۔کویتی وزیر اعظم نے کلائمیٹ ریزیلیئنس پر پاکستان کے اقدامات کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم پاکستان نے کویت کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے اپنے عزم کا اظہار کیا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان اور کویت کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، محنت اور دیگر اہم شعبوں سمیت گہری اقتصادی روابط قائم کرنے کے عزم پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کثیرالجہتی فورمز پر دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے صحت، سیکیورٹی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں پاکستانی افرادی قوت کی بھرتی کے لیے کویت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔
کویت کے وزیر اعظم نے کویتی قیادت کی پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کی خواہش کا یقین دلایا۔
دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور باہمی دلچسپی کے تمام امور پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنمائوں نے قریبی رابطے میں رہنے اور پاکستان اور کویت تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مزید وسعت دینے کے عمل کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ کویت 100,000 سے زیادہ مضبوط پاکستانیوں کی میزبانی کرتا ہے جو دونوں ممالک کی ترقی اور پیشرفت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔