لاہور(بیورو رپورٹ ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہم تیاری کر رہے ہیں ، اگر11جنوری کو عدالت اعتماد کے ووٹ کا کہتی ہے تو ہم تیار ہیں،اعتماد کے ووٹ میں اسٹیبلشمنٹ ہمیں نیوٹرل نظر نہیں آرہی ،ہمارے لوگوں سے رابطے کئے جارہے ہیںاب تک 3افراد اس حوالے سے بتا چکے ہیں۔اپنی رہائشگاہ پر کورٹ رپورٹرز سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پرویز الٰہی اور ہم اتحادی ہیں،جنرل باجوہ کے بارے میں ان کا اپنا موقف ہے،پرویز الٰہی ہمیں ہمارے موقف سے ہٹنے کے لئے نہیں کہہ سکتے۔ انہوںنے کہا کہ ملک میں جنگل کا قانون ہے،انصاف کی ضرورت امیر کو نہیں بلکہ غریب کو ہوتی ہے ،اسی لیے ہماری لڑائی اسٹیبلشمنٹ سے نہیں بلکہ انصاف کے حصول کے لئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوروں سے مذاکرات نہیں ہوں گے،اقتدار میں آئے تو فوری بلدیاتی انتخابات کرائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ جنرل باجوہ کرپشن کو برا نہیں سمجھتے تھے ، اس لئے چوروں کے تمام مقدمات ختم ہو گئے ،لوٹوں کی ایکسپائری ڈیٹ ختم ہو چکی ہے،ہم سیاسی لوگ ہیں بتائیں گے کہ موجودہ حالات کی وجہ کون ہے ،اگر ہمارے بیانیے سے بات بڑھتی ہے تو بڑھ جائے۔