اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )کلائمیٹ ریزیلیئنٹ بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کیلئے پاکستان نے تیاری مکمل کر لی، پاکستان کو بین الاقوامی برادری سے 16 ارب 26 کروڑ ڈالرز ملنے کی توقع ہے۔کلائمیٹ ریزیلیئنٹ بین الاقوامی کانفرنس 9 جنوری کو جنیوا میں ہوگی، وفاقی حکومت نے جنیوا کانفرنس کے فور آر ایف فریم ورک کو حتمی شکل دیدی، وزیر اعظم شہباز شریف جنیوا کانفرنس میں سیلاب کی تباہ کاریوں، بحالی پر بریفنگ دیں گے۔فور آر ایف فریم ورک رپورٹ کے مطابق حالیہ سیلاب سے ملک کا ایک تہائی حصہ زیر آب آیا، پاکستان کو بین الاقوامی برادری سے 16 ارب 26 کروڑ ڈالرز ملنے کی توقع پاکستان کو فوری ایک سال میں 6 ارب 78 کروڑ ڈالرز درکار ہیں، آئندہ 3 سال میں پاکستان کو 6 ارب 17 کروڑ سے زائد ڈالرز کی ضرورت ہے، لانگ ٹرم امداد میں 5 سے 7 سال میں پاکستان کو 3 ارب 62 کروڑسے زائد ڈالرز درکارہیں۔فریم ورک کے مطابق پاکستان کا سیلاب سے مجموعی 15 ارب 32 کروڑ ڈالرز کے نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے، سیلاب سے چاروں صوبوں کے 94 اضلاع جبکہ 3 کروڑ 30 لاکھ لوگ متاثر ہوئے، سیلاب سے 80 لاکھ لوگ بے گھر اور 17 سو افراد جاں بحق ہوئے۔