کراچی(نمائندہ خصوصی) پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثاراحمد کھوڑو نے سندھ سے سینٹ کی خالی جنرل نشست پر اپنے کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن میں جمع کرادیئے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی رہنما سرفراز راجر اور عاجز دھامراہ نے نثار کھوڑو کے کورنگ امیدوار کے طور پر بھی اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد فیصل واوڈا نے سینیٹ کی رکنیت سے استعفی دیا تھا اور یہ نشست خالی ہوئی تھی۔کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے موقع پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزرا سعید غنی، مکیش کمار چاﺅلہ، سینیٹر وقار مہدی اور دیگر ایم پی ایز موجود تھے۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت میں نثارکھوڑونے کہاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سینیٹ کی نشست خالی ہوئی جس کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں،ایم کیو ایم پاکستان کوناراض کرنا چاہتے ہیں اور نہ ان سے الگ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم کی احتجاجی ریلی الیکشن کمیشن کے خلاف ہوگی کیونکہ حلقہ بندیاں کرانا اور حلقہ بندیوں میں ترمیم کرنے الیکشن کمیشن کا اختیار ہے،سندھ حکومت کا نہیں،بلدیاتی انتخابی مہم کے سلسلے میں ریلیاں نکالنا اور جلسے کرنا ہر سیاسی جماعت کا حق ہے۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان نے اپنے اپنے پلیٹ فارم سے بلدیاتی انتخابات میں اپنے اپنے امیدوار کھڑے کئے ہیں۔جس جماعت کی زیادہ نشستیں ہونگی اس کا میئر آئے گا۔ایم کیو ایم کا اگر ٹاﺅن کی حلقہ بندی پر اعتراض ہے تو ہم نے تو کراچی میں ٹاﺅن کی تعداد بڑھا کر 25 کردیا ہے۔نثارکھوڑونے کہاکہ ایم کیو ایم نے حلقہ بندیوں پر اعتراض تاخیر سے داخل کئے اور عدالت نے ہی ان کی درخواست رد کی۔