اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور وفاقی وزیر خرم دستگیر نے پاکستان ٹیلی ویڑن کے ورچوئل اسٹوڈیو کا افتتاح کر دیا۔وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے دور میں پاکستان ٹیلی ویژن کا سب سے بڑا ورچوئل اسٹوڈیو ٹیکنالوجی کا گیپ دور کرنے میں معاون ثابت ہوگا، پاکستان ٹیلی ویڑن کے پاس تمام اثاثے موجود ہیں صرف انہیں بہترین طریقے سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پی ٹی وی کے عملے اور انتظامیہ کی کاوشوں سے پی ٹی وی میں آئی ٹی کے حامل سلوشنز استعمال ہو رہے ہیں جو جدید دور کا تقاضا ہے، ورچوئل اسٹوڈیو کا قیام پاکستان ٹیلی ویژن کا ایک اور سنگ میل ہے، اسے پاکستان کے سب سے بڑے ورچوئل اسٹوڈیو ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔پی ٹی وی نیوز درست خبروں کے ساتھ اب جدید انداز میں کام کرے گاپاکستان ٹیلی ویڑن کا اسٹیٹ آف دی آرٹ ورچوئل سیٹ قومی علاقائی اور عالمی خبروں کے ساتھ ساتھ موسم اور کھیلوں کی خبروں اور حالات حاضرہ کے پروگراموں کو بھی جدید انداز میں عوام کے سامنے پیش کرے گا،پاکستان ٹیلی ویژن نے اپنے 58 سالہ سفر کے دوران ترقی کی کئی منازل طے کی ہیں۔پاکستان ٹیلی ویژن نیوز اپنے سب سے بڑے ورچوئل اسٹوڈیو کے ساتھ اب عوام کو جدید انداز میں خبریں، تجزیئے اور پاکستان کے حقیقی نکتہ نظر سے باخبر رکھے گا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ورچوئل اسٹوڈیو کے قیام سے قومی، علاقائی خبریں، سیاست، ثقافت، تعلیم، حالات حاضرہ اور عالمی امور کے حوالے سے پی ٹی وی نیوز کے ناظرین جدید انداز میں آگاہ ہو سکیں گے۔