اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )کپکپی اور تھرتھری دوڑاتی سردی کے دوران بارش اور برفباری کا نیا سسٹم ملک میں داخل ہو گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائیں شمالی بلوچستان میں داخل ہوگئیں جس سے کوئٹہ، زیارت اور چمن سمیت شمالی بلوچستان میں (آج) ہفتہ اور (کل)اتوار کوبارش اور پہاڑوں پر برف باری ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق اسلام آباد، پوٹھوہار ریجن، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش متوقع ہے جبکہ چترال، سوات، مالاکنڈ، کوہستان اور ایبٹ آباد میں بھی بادل برسیں گے، ان علاقوں مین بارش سے درجہ حرارت میں 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ کمی کا امکان ہے۔