اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان ہر نئے دن اپنے پرانے بیان سے یوٹرن لیتے ہیں، الزام تراشی اور گالم گلوچ کر کے رعایتیں لینے کا دور گزر چکا، اب ادارے اور عوام ان کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔ جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ یہ واحد شخص ہے جو آئے روز اپنے ہی بیان سے انحراف کرتا ہے۔ اب پنجاب میں اعتماد کے ووٹ سے توجہ ہٹانے کیلئے انہوں نے الزامات کا نیا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ ان کو سوالات اداروں یا مخالفین سے نہیں، اپنے وزیراعلی سے کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ نیا بیانیہ بنانے سے حقیقت نہیں بدل جائے گی۔حملے کا الزام اداروں پر لگانے سے ان کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ اس سے پنجاب حکومت اور کیسز میں کوئی رعایت نہیں ملے گی۔ الزام تراشی اور گالم گلوچ کر کے رعایتیں لینے کا دور اب گزر چکا۔ اب ادارے اور عوام ان کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مخالفین کو اسپتالوں سے اٹھا کر جیل بھیجنے والا خود گرفتاری سے کیوں خوفزدہ ہے، اپنی گرفتاری کو روکنے کے لئے لوگوں کو سڑکوں پر آنے کو کیوں اکسا رہے ہیں، دوسروں کو جھوٹے کیسز بنا کر گرفتار کرنے والا شخص اتنا کیوں بوکھلا گیا ہے، اگر کوئی جرم نہیں کیا تو گرفتاری کا ڈر کیوں ہے؟۔