واشنگٹن(نمائندہ خصوصی)
امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ نوجوان نسل اور پیشہ ور افراد پاک امریکہ تعلقات کے مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال مختلف پروگراموں کے تحت تقریباً 1000 پیشہ ور افراد، سرکاری افسران، سول سوسائٹی اراکین ، صحافی اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے امریکہ کے دورے سے مضبوط روابط قائم ہو رہے ہیں جو کہ سرکاری سطح پر تعلقات کو مزید مستحکم کرتے ہیں ۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ امریکی حکومت کی جانب سے جاری مختلف تعلیمی ایکسچینج پروگراموں کے ضمن میں پاکستان کا شمار سب سے زیادہ مستفید ہونے والے ملکوں ہوتا ہے۔ تعلیمی ایکسچینج پروگرامز کی بدولت پاکستانی طلباء کو امریکہ کی معروف یونیورسٹیوں میں نہ صرف جدید علوم سیکھنے کے منفرد مواقع میسر ہوتے ہیں بلکہ انہیں امریکی نظام اور معاشرے کے بارے میں بہتر آگاہی حاصل کرنے میں مدد بھی ملتی ہے۔یہ بات سفیر پاکستان مسعود خان نے پاکستانی سفارت خانہ واشنگٹن کا دورہ کرنے والے 51 پاکستانی نوجوان انڈر گریجویٹ طلباء، جو کہ اس وقت گلوبل یوگراڈ اسپرنگ 2023 پروگرام کے تحت امریکہ کا دورہ کر رہے ہیں ، سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر انہوں نے ان تعلیمی تبادلے کے پروگراموں پربہترین انداز میں عمل درآمد کے حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ، امریکی ایجوکیشن فاونڈیشن پاکستان (یو ایس ای ایف پی) اورانٹرنیشنل ریسرچ اینڈ ایکسچینج بورڈ (آئی آر ای ایکس) کا شکریہ ادا کیاامریکہ کا دورہ کرنے والے طلباءکا تعلق پاکستان کے تمام علاقوں بشمول آزاد جموں و کشمیر، سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، بلوچستان اور اسلام آباد سے ہے جن میں زیادہ تر طلبہ کا تعلق پسماندہ اور دور دراز علاقوں سے ہے۔انڈرگریجویٹ پروگرام میں 61 فیصدلڑکیوں کی نمائندگی دونوں حکومتوں کی خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں زندگی کے تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی کے مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اظہار ہے.سفارتخانہ پاکستان کا دورہ کرنے والے طلباءکے ہمراہ امریکی محکمہ خارجہ میں جنوبی اور وسطی ایشیائی امور کی بیوروڈائریکٹر مولی سٹیفنسن، اکیڈمک ایکسچینج پروگرامز آفس کے ڈپٹی ڈائریکٹر سٹیو منی، سینئر پروجیکٹ ڈائریکٹر ، آئی آر ای ایکس مائیکل ڈائر اور دیگر حکام بھی طلباء کے ہمراہ تھے۔
یہ انڈرگریجویٹ طلباء 30 امریکی ریاستوں میں 47 مختلف امریکی اداروں میں ایک سمسٹر تک تعلیم حاصل کریں گے۔ ۔گلوبل یو گریڈ پروگرام سالانہ 200 سے زائدانڈرگریجویٹ طلباء کو ایک سمسٹر کے لئے اسکالرشپ فراہم کرتا ہے
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولی سٹیفنسن اور سٹیو ڈائر نے طلباء کو مبارک بار دی اور ان کی قائدانہ صلاجیتوں کو سرا ہا۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کا مقصد باصلاحیت پاکستانی طلباء کو اپنے نقطہ نظر میں وسعت لانے ، ترقی کی نئی راہیں تلاش کرنے اور دونوں ممالک کے عوام بالخصوص نوجوانوں اور پیشہ ور افراد کے درمیان آگاہی پیدا کرنے اور ایک دوسرے کو سمجھنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
سفیر پاکستان نے امریکہ کے دورے پر آئے نوجوان طلباء کو ایک شفاف اور میرٹ پر مبنی عمل کے ذریعے پروگرام میں منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں سائنس، ٹیکنالوجی، انجنیئرنگ، ریاضی ،سماجی علوم، عمرانیات اور دیگر شعبہ جات میں تعلیم حاصل کرنے کا تجربہ نہ صرف انہیں صلاحیتوں میں مزید نکھار لانے کا موقع فراہم کرے گا بلکہ ان کو امریکی ثقافت کو سمجھنے میں بھی مدد دے گا.مسعود خان نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ امریکی میزبانوں کے سامنے پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ آپ کے ان روابط اور تعلقات سے دونوں ملکوں کے درمیان عوامی سطح پر پائی جانے والی بعض غلط فہمیوں کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔ سفیر پاکستان مسعود خان نے مختلف امریکی تعلیمی، پیشہ ورانہ اور ثقافتی تبادلے کے پروگراموں جن میں فل برائٹ اسٹوڈنٹ پروگرام، گلوبل انڈرگریجویٹ ایکسچینج پروگرام، یوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی پروگرام، انٹرنیشنل وزیٹر لیڈرشپ پروگرام ، اسٹڈی آف یو ایس انسٹی ٹیوٹ پروگرام اور ہیوبرٹ ہمفری فیلوشپ پروگرام وغیرہ شامل ہیں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ مضبوط بندھن ہیں جو دونوں ملکوں کو نوجوانوں اور پیشہ ور افراد کو ایک دوسرے سے منسلک کرتے ہیں اور دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
پاکستان اور امریکہ کے درمیان ہمہ جہتی تعلقات اور تعاون کا ذکر کرتے ہوئے سفیر پاکستان مسعود خان نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کے بعد ریسکیو اور ریلیف کے حوالے سے امریکی امداد پر امریکہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ تعمیر نو اور بحالی کے عمل میں یہ تعاون جاری رہے گا۔