کراچی ( بیورو رپورٹ) سابق صدر مملکت اور صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کی یوم ولادت پر دنیا بھر میں آباد ان کے جیالوں اور حامیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا 43 سال قبل عدالتی قتل کے بعد بھی عوام کے دل پر حکمرانی کر رہے ہیں ان کے مزار پر کروڑوں انسان اپنے عقیدے کے مطابق دعاوں کے تحفے ان کے نام کرتے ہیں جبکہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کے قاتلوں اور قتل کی سازش میں شریک کرداروں کی قبریں ویران ہیں، آصف علی زرداری نے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید مدتوں سے استحصال کے شکار انسانوں کیلئے قدرت کا ایک عظیم تحفہ تھے جس کی ہر قدم پر تاریخ نے رہنمائی کی ۔ انہوں نے کہا کہ قائد عوام بھٹو شہید کرشمہ ساز لیڈر تھے انہوں نے تین سال کی مختصر مدت میں عوامی شعور کی ایسی شمع روشن کی جس کی وجہ سے عوام کا استحصال کرنے والے طبقات کے قلعے زمین بوس ہو گئے ،قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے عوام کو سوچنے کیلئے شعور، بولنے کیلئے زبان اور عزت سے سر اٹھا کر جینے کا سلیقہ سکھایا تھا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ قائد عوام بھٹو شہید نے مسلم دنیا کی بھی رہنمائی کی وہ فلسطین کے مسلمانوں کی آزادی کی جدوجہد کے بھی روح رواں تھے ، قائد عوام انسانی آزادی کے بہت بڑے حامی، طرفدار اور وکیل تھے، آصف زرداری نے کہا کہ قائد عوام بھٹو شہید دنیا کے ایسے لیڈر تھے جو مذاکرات کے میز پر ناقابل شکست تھے جس کی وجہ سے دنیا کے مہذب طبقات ان کے مداح تھے ۔