اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کےلئے پاس کی اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھارت کے ناجائز تسلط سے آزاد کروائے، اقوام متحدہ کی جانب سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی ان قراردادوں کو پاس ہوئے آج 74 سال کا عرصہ گزر چکا ہے اور اس عرصہ میں حق خود ارادیت کے عظیم مقصد کی خاطر ہزاروں کشمیری اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔ یوم حق خودارادیت کشمیر کے موقع پر انہوں نے کہا کہ آج بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد تو درکنار،بھارت مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے اور کوئی دن مقبوضہ کشمیر میں ایسا نہیں گزرتا کہ جب نہتے کشمیری نوجوانوں کو شہید نہیں کیا جاتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اسرائیل طرز کی پالیسیوں پر گامزن ہے اور بھارت 05 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کر رہا ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمان آبادی کے تناسب کو کم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بھارت ماورائے عدالت قتل اور کشمیریوں کی نسل کشی کے ذریعے بھی اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کےلئے کوشاں ہے۔ مشیر امور کشمیر نے کہا کہ بھارت کے یہ تمام تر اقدامات نہ صرف اقوام متحدہ بلکہ تمام تر عالمی قوانین اور چوتھے جینیوا کنونشن کی بھی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گری کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات اٹھائے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔