کراچی(نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیرتوانائی امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے دور میں آئی ایم ایف کے ساتھ ظالمانہ معاہدہ کیا۔ قوم نے اس معاہدے کو پی ٹی آئی ایم ایف کا لقب دیا۔وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے جاری بیان میں کہا کہ پلڈاٹ کی رپورٹ عمران خان کے لیے نوشتہ دیوار ہے۔ پی ٹی آئی کا چار سالہ دور آمرانہ تھا۔ عمران خان نے اپنے سیاسی مخالفین کو انتقامی کارروایوں کا نشانہ بنایا۔ بہنوں اور بیٹیوں کو پابند سلاسل کیا، چادر اور چاردیواری کی پامالی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور میں سول مارشل لا نافذ کر رکھا تھا۔ نااہل اور ناکام شخص کا دور حکومت ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دور تھا۔ ملک میں مہنگائی، بیروزگاری کی ذمہ دار عمران حکومت کی ناکام معاشی پالیسیاں ہیں۔انہوںنے کہا کہ عمران نے اپنے دور میں آئی ایم ایف کے ساتھ ظالمانہ معاہدہ کیا۔ قوم نے اس معاہدے کو پی ٹی آئی ایم ایف کا لقب دیا۔ جس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔