اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)،چیئرمین سینیٹ آف پاکستان، محمد صادق سنجرانی نے ایک خط کے ذریعے ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان کی یوکرائنی بحران کے حل کے لیے کی جانے والی کوششوں کے اعتراف میں "نوبل امن انعام” کے لیے باضابطہ طور پر نامزدگی درج کرائی ہے۔ اس حوالے سے بدھ کو ناروے کی نوبل کمیٹی کو خط ارسال کیا گیا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ "روس اور یوکرائن کی جنگ تیزی سے ایک ایٹمی فلیش پوائنٹ میں بدل گئی تھی جو پوری دنیا کے لیے تباہی کا باعث بن سکتی تھی۔ صدر ترکیہ کی انتھک کوششوں، دونوں فریقوں کے ساتھ بروقت اور موثر رابطہ کاری کی وجہ سے ہی ایک عالمی تباہی سے بچاؤ ممکن ہوا”. انہوں نے مزید کہا کہ صدر اردگان ایک سچے اور مدبر رہنما ہیں، جو نہ صرف اپنے ملک بلکہ خطے اور بالعموم پوری دنیا کی بہتری اور خوشحالی کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ ترک صدر حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے تمام انسانیت کے لیے امن، رواداری اور محبت کی تعلیمات کے حقیقی پیغام کو لے کر چلتے ہیں اور اسلامی تعلیمات سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرنے کیلئے کوشاں رہتے ہیں۔
عالمی نوبل امن انعام ان لوگوں کو دیا جاتا ہے جنہوں نے امن کی طرف بڑھتے ہوئے یا جاری تنازعات کو حل کرنے کے لیے کوئ غیر معمولی اقدام کیا ہو۔