اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے عسکری قیادت سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کر دیا ہے اور اس حوالے سے انہوں نے صدر عارف علوی کو ٹاسک دیا ہے کہ وہ ایوان صدر میں اس ملاقات کا اہتمام کریں ،باخبر ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین نئی عسکری قیادت سے ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورت حال پر ملاقات کے خواہش مند ہیں اور اس معاملے پر اپنا موقف ان کے سامنے رکھنا چاہتے ہیں ،اس حوالے سے انہوں نے صدر عارف علوی کی خدمات حاصل کی ہیں ،ذرائع نے بھی بتایا کہ ایوان صدر نے عمران خان کی اس خواہش پر عسکری قیادت سے رابطہ بھی کیا تھا لیکن ان کی جانب سے ابھی تک خاموشی ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ عسکری قیادت فوج اور خود کو مکمل طور پر غیر سیاسی رکھنے کے دو ٹوک فیصلے اور بیانیہ پر کاربند ہے اسی وجہ سے انہوں نے اس معاملے پر ایوان صدر کو کسی قسم کا کوئی جواب نہیں دیا ،ذرائع کا کہنا تھا کہ ایسی کسی بھی ملاقات سے قبل وزیر اعظم کو بھی اعتماد میں لیا جائیگا تاہم ذرائع نے بتایا کہ فوج جو فیصلہ غیر سیاسی رہنے کا کر چکی اس تناظر میں یہ ملاقات مشکل دکھائی دے رہی ہے ،اس کے باوجود صدر عارف علوی کی کوشش ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اور عمران خان کے درمیان تعلقات بہتر ہوں اور وہ اپنے طور پر بھی کوششیں کررہے ہیں لیکن ابھی تک انہیں اس میں کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔