کوئٹہ (نمائندہ خصوصی )شمالی و بالائی بلوچستان میں شدید سردی کی لہر میں مزید اضافہ ہوگیا، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق زیارت اور ملحقہ علاقوں میں درجہ حرارت منفی 10 درجے تک گرگیا ہے،سردی کی لہر میں اضافے کے بعد کان مہتر زئی، خواجہ عمران، توبہ کاکڑی، قلعہ عبداللہ اور توبہ اچکزئی میں درجہ حرارت منفی 9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔کوژک ٹاپ، کان مہتر زئی اور قلات میں رات کے وقت اور صبح دیر تک دھند کا امکان ہے جبکہ چاغی، واشک، گوادر اور پنجگور میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے نے رات کے وقت کوئٹہ، کراچی، چمن اور این 50 شاہراہ پر سفر میں احتیاط کی اپیل کی ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید سردی کی لہر اگلے 24 گھنٹوں تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔