اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ملک کو مفلوج اور حکومت کو مقروض کرنے والے کس منہ سے وائٹ پیپر جاری کر رہے؟ ملکی معیشت کو توشہ خانہ سمجھ کر لوٹا، ان کا وائٹ پیپر چور مچائے شور جیسا ہے، پی ٹی آئی نے ملک کو پہنچایا تھا وہاں سے نکلنے میں 8 ماہ نہیں کئی سال لگے گے۔عوامی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے موجودہ حکومت کی 8 ماہ کی کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کیا ہے،ملکی معیشت تباہ کرنے کی جرم میں جن کے خلاف ریڈ وارنٹ جاری ہونے چاہیے تھے انہوں نے حکومت کے خلاف وائٹ پیپر جاری کیا ہے، یہ وہ لوگ ہیں جو اپنے چار سال کے بدترین دور اقتدار کا حساب دینے کو تیار نہیں،یہ وہ لوگ ہیں جو 4سال ملک پر مسلط رہنے کہ بعد کہتے ہیں ہمارے پاس کوئی اختیار نہی تھا، حکومت کوئی اور چلا رہا تھا،ملک کو مفلوج اور حکومت کو مقروض کرنے والے کس منہ سے وائیٹ پیپر جاری کر رہے؟ شیری رحمان کا مزید کہنا تھا کہ جس نہج پر پی ٹی آئی نے ملک کو پہنچایا تھا وہاں سے نکلنے میں 8 ماہ نہیں کئی سال لگے گے،1 کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر کس کو ملے؟قرضہ نہیں لونگا والوں نے ملکی قرضاجات میں 70 فیصد اضافہ کیوں کیا؟ کرپشن کا بیانیہ بنانے والے خود کرپشن میں نااہل کیوں ہوئے؟