کراچی(نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماﺅں نے آصف زرداری کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں پیپلزپارٹی کی پوزیشن ماضی سے کافی بہتر ہے، حیدرآباد میں 27 یوسیز بلامقابلہ جیت چکے ہیں،کراچی کے 25 ٹاﺅنز میں پیپلزپارٹی 8 جیتنے جبکہ 4 پر مقابلے کی پوزیشن میں ہیں۔پیرکوبلاول ہاﺅس کراچی میں پیپلزپارٹی کا بلدیاتی انتخابات سے متعلق اجلاس ہوا جس میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے ممکنہ نتائج پر پی پی رہنماﺅں نے پارٹی قیادت کو بریفنگ دی۔آصف زرداری کو بتایا گیا کہ کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں پیپلزپارٹی کی پوزیشن ماضی سے کافی بہتر ہے، حلقہ بندیاں درست اور نتائج پیپلزپارٹی کے حق میں ہیں۔پی پی رہنماﺅں نے سابق صدر آصف زرداری کو رپورٹ پیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ حیدرآباد کی 160 یونین کونسلز میں سے پیپلزپارٹی 27 یوسیز بلامقابلہ جیت چکی، ایم کیو ایم کو حیدرآباد کی 60 یونین کونسلز پر امیدوار ہی نہیں ملے، کراچی کے 25 ٹاﺅنز میں پیپلزپارٹی 8 جیتنے جبکہ 4 پر مقابلے کی پوزیشن میں ہیں۔اجلاس کے دوران پیپلزپارٹی کی صوبائی اور مقامی قیادت نے بلدیاتی الیکشن ملتوی نہ کرنے کی ایک بار پھر درخواست کردی۔بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ پیپلزپارٹی پہلے مرحلے میں سکھر، میرپورخاص، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد ڈویژن کے بلدیاتی الیکشن جیت چکی ہے، دوسرے مرحلے کے انتخابات نہ ہونے کی وجہ سے پہلے مرحلے میں کامیاب امیدوار بھی حلف نہ لے سکے ہیں۔