اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں معیشت پر ابہام پھیلانے والوں سے سختی سے نمٹنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعظم ہاوس میں ہونے والا قومی سلامتی کمیٹی یہ اہم اجلاس 4 گھنٹے تک جاری رہا اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد اور دیگر فوجی قیادت کے علاوہ اہم وفاقی وزراء نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اہم اجلاس میں ملک میں جاری حالیہ دہشتگرد کارروائیوں سمیت دیگر ملکی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر ملک کی بدنامی کا باعث بننے والے عناصر کے حوالے سے بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران شرکاءکی جانب سے سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف منفی مہم چلانے والوں کے خلاف ایکشن لینے کی تجویز بھی سامنے آئی۔ شرکاءکی جانب سے ملک دشمنوں کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے والے سوشل میڈیا اکاونٹس پر نظر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا اس کے علاوہ معیشت کو نشانہ بنانے والے سوشل میڈیا اکاونٹس کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی۔،کمیٹی کے شرکاء نے واضح کیا کہ ملک کے کسی حصے میں امن کو تہہ و بالا نہیں کرنے دیا جائے گا ،نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کے لئے صوبوں سے مشاورت بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔کمیٹی میں بھی اتفاق کیا گیا کہ نیکٹا کے کردار کو موثر بنایا جائے گا۔