اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستانی ریاست مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے، کشمیر و فلسطین کے موقف سے پیچھے ہٹ نہیں سکتے، مسئلہ فلسطین کے حوالے سے پاکستان کا موقف بالکل واضح ہے، کوئی بھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کرنے جارہا، اسرائیل کی فلسطین میں جارحیت کی مذمت کرتے ہیں۔
پیر کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کی فلسطین میں جارحیت کی مذمت کرتا ہے، مسئلہ فلسطین کے حوالے سے پاکستان کا موقف بالکل واضح ہے، پاکستانی حکومت اور عوام اپنے فلسطینی اور کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے، کشمیر اور فلسطین کے مسئلہ پر ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین اْمت کے متحدہ مسائل ہیں، بعض سیاسی عناصر ان مسائل کو اپنے ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کوئی وفد اسرائیل نہیں گیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی این جی او کے ساتھ کچھ لوگ اسرائیل گئے ، اس وفد میں کوئی سرکاری نمائندہ نہیں تھا، اس وفد کو پاکستان کا نمائندہ وفد کہنا زیادتی ہوگی اس الزام کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین امت مسلمہ کے متفقہ مسائل ہیں، پاکستانی ریاست مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے،
کشمیر و فلسطین کے موقف سے پیچھے ہٹ نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سمیت سب سے کہتا ہوں اس مسئلے کو متنازعہ نہ بنایا جائے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے عازمین حج سے اپیل کی ہے کہ سعودی عرب کے قوانین کا احترام کریں۔