کراچی(اسٹاف رپورٹر) بلدیہ ضلع وسطی کے ڈائریکٹر سینی ٹیشن لوکل گورنمنٹ بورڈ سے زیادہ طاقتور نکلے۔ لوکل گورنمنٹ بورڈ نے ظہیر احمد کو ایڈیشنل ڈائریکٹر سینیٹیشن کی تعیناتی پر اعتراض کرتے ہوئے سروس سے معطل کیا اور انہیں معطلی کے دوران لوکل گورنمنٹ بورڈ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ظہیر احمد نے اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے ایڈیشنل کی پوسٹ کی جگہ ڈائریکٹر سینی ٹیشن بلدیہ وسطی کی پوسٹ حاصل کرلی۔ ذرائع کے مطابق اطلاعات ملنے پر لوکل گورنمنٹ بورڈ نے میونسپل کمشنر وسطی کو ایک لیٹر بھیج کر بورڈ کے احکامات پر عمدرآمد کرنے کی ہدایت کی تاہم اس پر عملدرامد نہیں کیا گیا جس کے بعد بورڈ نے میونسپل کمشنر کو ایک اور لیٹر بھیج کر وضاحت طلب کی کہ وہ فوری طور پر اس بات کی وضاحت کریں بورڈ کے احکامات پر عملدرآمد کیوں نہیں کیا گیااور معطل افسر کس طرح ڈائریکٹر سینی ٹیشن کے عہدے پر تعینات ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ 26 دسمبر کو ایڈمنسٹریٹر و ڈپٹی کمشنر وسطی طحہ سلیم نے آفیسرز کلب کے قیام کے لیئے چھ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں متنازعہ افسر ظہیر احمد کو ڈائریکٹر سینی ٹیشن کی حیثیت سے کمیٹی کا ممبر بنایا گیا ہےـ