کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ ہار گیا۔ پٹہ سسٹم جیت گیا۔ماڈل کالونی کے رہائشی پلاٹوں پرپورشنز اور پلازوں کی تعمیرات بدستور اپنے آب وتاب سے جاری،بجلی،پانی،سیوریج،گیس سمیت پارکنگ کا نظام تبا ہی کے دہانے پر پہنچنے لگا تفصیلات کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا پٹہ سسٹم عدالتی احکامات کو بھی خاطر میں نہیں لا رہا۔ ماڈل کالونی لیاقت علی خان اور ہاشم رضا روڈ کے رہائشی پلاٹوں پر پورشنز اور تجارتی مقاصد کیلئے پلازے زیر تعمیر ہیں۔ ماڈل کالونی پلاٹ نمبر 20 شیٹ نمبر 10 پر سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کو بھی نمائشی انہدامی کارروائی کرکے عدالتی حکم عدولی کی جا رہی ہے جبکہ مذکورہ پلاٹ پر چند دوکانوں کے دیواریں اور شٹر نمائشی منہدم کیئے گئے جبکہ درجن سے ذائد دوکانیں تاحال قائم ہیں اور پلاٹ کو چاروں اطراف سے تعمیرات میں لے کر پلازہ زیر تعمیرہے۔ رہائشی پلاٹ نمبر70شیٹ 4 پر پلازہ زیر تعمیر ہے،مذکورہ زیر تعمیرعمارت پر پارکنگ،ہواوروشنی کیلئے مختص اراضی کو تعمیرات میں لے لیا گیااور گراونڈ پر درجنوں دوکانیں تعمیر کرنے کی پلاننگ کی گئی ہے۔ رہائشی پلاٹ نمبر 55شیٹ نمبر 4پر دو منزلہ کمرشل پلازہ زیر تعمیرہے جہاں گراونڈ پر درجن دوکانوں پر مشتمل مارکیٹ تعمیر کی جائے گی۔ رہائشی پلاٹ نمبر 39شیٹ نمبر5 پر تین منزلہ پورشن زیر تعمیر ہے۔رہائشی پلاٹ نمبر33شیٹ نمبر9 پرنجی لیڈی رفعت نامی اسپتال زیر تعمیر ہے جبکہ پلاٹ کے کچھ حصے پر اسپتال کی سرگرمیاں شروع ہو چکی ہیں۔رہائشی پلاٹ نمبر41اور45شیٹ نمبر 13کو کئی حصوں میں تبدیل کر کے پورشن زیر تعمیر ہیں۔ ہاشم رضا روڈ رہائشی پلاٹ نمبر34شیٹ 4پرتہہ خانہ سمیت دو منزلہ پورشن کی تعمیرات تقریبا مکمل کرکے بجلی،گیس کے میٹرز کے کنکشن کے لیئے سرگرمیاں جاری ہیں جبکہ عمارت کی بالکونیوں میں کپڑے لٹکا کر عمارت کو رہائشی ظاہر کیا جارہا ہے، اسی روڈ پر رہائشی پلاٹ نمبر66شیٹ نمبر2 کے گراونڈ پر 6دوکانیں،میز نائن سمیت گھٹن زدہ دومنزلہ عمارت زیر تعمیر ہے،مذکورہ پلاٹ کو دو حصوں میں خلاف ضابطہ تقسیم کر دیا گیا۔باخبر ذرائع کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں پٹہ سسٹم کے تحت ماڈل زون کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ذوالفقار بلیدی کے حوالے ہے،بلڈنگز انسپکٹر خرم کے ذریعے لوٹ مار کا بازار عروج پر پہنچ گیا ہے، پٹہ سسٹم نے ڈائریکٹر ضلع کورنگی کو بے بس کر رکھا ہے۔ماڈل کالونی کے بڑے پلاٹوں کو خلاف ضابطہ تقسیم (سب ڈیوائیڈ)کر کے پانی، بجلی،گیس سمیت انفراسٹرکچر کو تباہ کیا جارہا ہے، مرکزی سڑک لیاقت علی خان اور ہاشم رضاروڈ کے رہائشی پلاٹوں پر غیر قانونی پلازے، پورشن تعمیر ہونے سے پارکنگ کے مسائل حد درجہ بڑھتے جا رہے ہیں، سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں اور ٹریفک کا گزرنا محال ہے۔ ماڈل کالونی اور سعودآباد کے علاقوں میں اسسٹنٹ کمشنر سب اسٹیشن ماڈل کالونی کا ملازم امین بہتی گنگا میں غوطے لگارہے ہیں۔یا درہے کہ اس قبل بھی لیاقت علی خان روڈ پر تین رہائشی پلاٹوں پرغیر قانونی کمرشل پلازے تعمیر کر دیئے گئے۔ادھر ڈائریکٹر جنرل اسحاق کھوڑو عدالتی احکامات پر آفسران کو عمل کرنے کے حکم نامہ جاری کر رہے ہیں تاہم طاقت ور پٹہ سسٹم عدالتی احکامات کو بھی خاطر میں لائے بغیر ماڈل کالونی کے انفراسٹرکچر کوتباہ کرنے میں آزاد ہیں۔