لاہور/اسلام آباد /کراچی /کوئٹہ /پشاور ( نمائندگان ) پنجاب ،بلوچستان، خیبر پختونخوا اور سندھ کے بیشتر شہروں میں موسم سرما کی پہلی بارش اور پہاڑوں پر برفباری سے موسم مزید سرد ہوگیا، مری میں پہلی برفباری کے بعد انتظامیہ بھی متحرک ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق موسم سرما کے بادلوں نے لاہور شہر کے مختلف علاقوں میں بسیرا کر لیا ، شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی جاری رہی ، گلبرگ، لکشمی چوک، جوہر ٹاﺅن، باغبانپورہ سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی ۔ترجمان موٹروے سید عمران احمد کے مطابق حد نگاہ میں بہتری کے بعد موٹروے ایم ٹو کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ضلع بہاولنگر، بھکر، شیخوپورہ، بورے والا، پنڈدادن خان، ملتان، رائیونڈ، پاکپتن، چشتیاں، مریدکے، ساہیوال، عارفوالا، چیچہ وطنی اور گردونواح میں ہلکی بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا۔ملکہ کوہسار مری، نتھیاگلی اور گلیات میں موسم سرما کی پہلی برف باری شروع ہوگئی جس کے باعث سیاح خوشی سے کھل اٹھے۔موسم سرما کی پہلی برفباری کے بعد انتظامیہ بھی متحرک ہے، موسم سرما کی تعطیلات کے باعث سیاحوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ سیاحوں کو اس بار برفباری کا طویل انتظار کرنا پڑا ہے۔کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پاراچنار میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے پہاڑوں اور درختوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔ برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، درجہ حرارت منفی 4 تک گر گیا۔مغربی ہواﺅں کے تحت کراچی کے چند مقامات پر مطلع جذوی ابرآلود ہوگیا، بیشتر علاقوں میں دھوپ نکلی ہوئی نظر آئی۔سسٹم کے سبب سمندر کی جنوب مغربی سمت سے ہواﺅں کی رفتار بڑھ گئی۔ ہواﺅں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 20 کلو میٹر ریکارڈ ہو رہی جبکہ ہواﺅں کی رفتار 40 کلومیٹر تک بڑھنے کا امکان ہے۔شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم اگلے ہفتے شہر میں دوبارہ خنکی بڑھ سکتی ہے۔