نیلم ویلی (نمائندہ خصوصی ) بھارت کے زیر قبضہ جموں کشمیر میں فوجی جرائم کے خلاف پاسبانِ حریت جموں کشمیر کے زیر اہتمام پیدل مارچ کا آغاز ہو گیا ۔سینکڑوں افراد نے اٹھمقام سے پیدل قافلے کو حدِمتارکہ پر پیدل مارچ کے لئے رخصت کیا۔ قافلے کی قیادت چیئرمین پاسبان حریت جموں و کشمیر عزیراحمدغزالی ، وائس چیئرمین عثمان علی ہاشم ، ضلعی ناظم شرافت حسین ملک اور دیگر قائدین کر رہے ہیں ۔ کشمیری شہری اقوامِ متحدہ کی توجہ بھارتی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتِ حال کی طرف مبذول کروا رہے ہیں۔ حدِ متارکہ پہ مارچ کے ذریعے اقوامِ متحدہ سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے حق خودارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ مارچ میں شامل کشمیری شہریوں نے بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف سیاہ پرچم اٹھائے ہوئے حدِمتارکہ پہ ٹیٹوال سیکٹر میں قابض بھارتی فوج کی چوکیوں کی طرف بڑھ رہے ہیں ۔ اس موقع پہ خطاب کرتے ہوئے چئیرمین پاسبانِ حریت عزیر احمد غزالی نے کہ کہ کشمیری عوام بھارتی سامراج کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کے لئے پیدل مارچ کر رہے ہیں اور بھارت سے آزادی تک کشمیریوں کی جدوجہد ہر محاذ پر جاری رہے گی ۔