کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ میں گندم کی کوئی قلت نہیں ، مارچ تک کے لئے گندم کا وافر ذخیرہ موجود ہے ، سندھ ملک کا واحد صوبہ ہے ، جہاں آٹا 65 روپے فی کلو دے رہے ہیں ۔ جس پر سندھ حکومت نے اربوں روپے کی سبسڈی دی ہوئی ہے ۔ یہ بات انہوں نے آج سندھ آرکائیوز کمپلکس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے صوبے بھر 1100 مقامات پر آٹے کی فراہمی یقینی بنائی ہے ، جس میں موبائیل وین اور اسٹالز شامل ہیں اور جہاں بھی شکایات ہیں ، ان کے لئے نمبرز دے دیئے ہیں ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کل بی بی کی پندرہویں برسی میں ملک بھر سے لاکھوں کی تعداد میں پیپلز پارٹی کے جیالوں اور عوام نے شرکت کی اور شہید محترمہ بینظیر کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کل تاریخی خطاب کیا ۔ جس میں انہوں نے ملک موجودہصورتحال
،سیلاب کے بعد کی صورتحال اور پوری دنیا کے کامیاب سفارتی دوروں پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی نا خارجہ پالیسی کی وجہ سے پاکستان کو پوری دنیا میں تنہا کردیا تھا، جس میں بہتری لانے میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انتھک محنت کی ہے اور تمام ممالک سے تعلقات بہتر کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں گزشتہ روز نوجوان قتل ہوا۔ جس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے فوری نوٹس لیا اور پولیس اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو رعایت نہیں ملے گی ۔ پی ٹی آئی کے دور میں سانحہ ساہیوال ہوا پی ٹی آئی نے ملوث ملزمان کو بری ہونے میں مدد کی۔ لیکن پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کسی کو کوئی رعایت نہیں دے گی ۔ انہوں کہا وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے۔ یہ پی ٹی آئی کا پرانا وطیرہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ممبران کی خرید وفروخت پی ٹی آئی خود کرتی رہی ہے۔عمران خان کی آڈیو بھی آئی تھی ، جس میں وہ ممبران خریدنے کا اعتراف کرتے ہیں۔اس موقع پر شرجیل انعام میمن نے ممبران کی خریداری کی آڈیو گفتگو بھی چلائی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جعلی طریقے سے اقتدار میں آیا۔ عمران خان جس کو ڈیڈی کہتا تھا۔ آج اس کے خلاف باتیں کررہے ہیں۔ عمران خان احسان فراموش شخص ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت دباؤ میں ہے ، لیکن معیشت ریکور ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک معیشت کی موجودہ صورتحال کا ایک شخص ذمہ دار ہے، جس کا نام ہے عمران خان ۔ جس نے پورے ملک کو داؤ پر لگا دیا ۔ عمران خان نے خود کہا ہے کہ انہوں نے آئی ایم ایف کے پاس جانے میں تاخیر کی ۔ انہوں نے کہا کہ کبھی وزیر خزانہ تو کبھی گورنر اسٹیٹ بینک تبدیل کر دیئے جاتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ زبردستی گھس بیٹھیا اقتدار میں آکر بیٹھ گیا ، اور اب کہتا ہے کہ نیب ان کے ہاتھ میں نہیں تھی ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اس شخص نے نیب کو اپنی انگلیوں پر نچایا اور نیب کو اپنی خواہش پر ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کیا ۔عمران خان نے آئین و قانون کی دھجیاں اڑائیں اور آج تک اڑا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا صدر عارف علوی نے انٹرویو میں تسلیم کیا ہے کہ جنرل باجوہ نے ان کی 2018 کے عام انتخابات اور سینٹ میں پی ٹی آئی کی مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان میگا اسکینڈلز میں شامل رہے ہیں ، مالم جبہ ، بی آر ٹی پشاور جس میں 7 ارب روپے کی کک بیکس لینے کی رپورٹ آئی ۔ چینی ، گندم کی ایکسپورٹ اور امپورٹ میں یہ شامل رہا اور وفاقی کابینہ کو استعمال کیا جاتا رہا ۔ بعد میں عدالتوں سے اسٹے آرڈرز لیتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ایسے پریشر نہیں ہیں۔ یہ مقدمات چلنے چاہیئں یہ سارے لوگ جیلوں میں نظر آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کا سب سے بڑا ڈاکو عمران خان ہے ، جس نے گھڑیاں اور قالین تک نہیں چھوڑے ۔ گوگی کس کی فرنٹ پرسن تھیں ، آج تک ملک سے فرار ہیں ۔ اب سب کچھ قانون کے دائرے میں لانا لازمی ہے
انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے چندے کے پیسے کھا گئے ،
وہ سارے پیسے ضبط کیے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان ساری چیزوں کے پیچھے عمران خان کی کرمنل سوچ ہے ۔ عمران خان صرف اور صرف ملک میں افراتفری پھیلا نا چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے وقت خیبرپختونخوا میں کس کی حکومت تھی، بنوں جیل
بریک ہوئی اس وقت خیبرپختونخوا میں کس کی حکومت تھی۔ انہوں نے کہا کہ دھشتگرد ڈبل کیبنوں میں جلوس کی شکل میں آئے اور بنوں جیل بریک کیا ۔ خیبرپختونخوا کی حکومت اور پولیس کیا کر رہی تھی۔ اتنی دیدہ دلیری سے ایسے واقعات کہیں نہیں ہوئے۔ نااہل ترین شخص کا دھیان پیسہ پٹورنے اور کرپشن پر رہا۔ انہوں نے کہا کہ عمران اہم اداروں کو متنازع بنانے میں ملوث رہا ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ شخص آج دن تک اپنی قوم کو یہ نہیں بتا سکتا کہ میرے بچے کتنے ہیں۔ ان کو صادق و امین کا سرٹیفیکیٹ دے دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ علی زیدی نے کل ثقافتی لباس پہن کر پریس کانفرنس کی ہے ، ان کی اپنی حیثیت کیا ہے ، علی زیدی کائونسلر کا الیکشن ہار گئے ، لیکن بعد میں ایم این اے اور وفاقی وزیر بن گئے ۔ علی زیدی کی سیاسی حیثیت زیرو بٹا زیرو ہے ۔ وہ بتائیں کہ عمران خان کے پونے تین سالہ دور میں سندھ کو ایک بھی ترقیاتی اسکیم دی ۔ کیا عمران خان نے ایک رات سندھ میں گذاری ۔ انہوں نے علی زیدی کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر بی بی زندہ ہوتیں تو عمران خان کبھی وزیر اعظم نہیں بنتے ۔ اگر بی بی زندہ ہوتی تو ملک کی یہ صورتحال نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان خیبرپختونخوا کی اسیمبلی تحلیل کیوں نہیں کرتے ۔ انہیں چیلینج کرتا ہوں کہ ہمت ہے تو کے پی کے کی اسیمبلی توڑیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف تمام اوپن اینڈ شٹ کیسز ہیں ، کوئی بھی ایسا کیس نہیں کہ ان کو گرفتار نہ کیا جا سکے ۔ عمران خان نے وزیراعظم پاکستان کے عہدے پر فائز رہتے ہوئے دکانوں کی جعلی رسیدیں بنائیں ۔