اسلام آباد (نیوز ڈیسک )زرعی ماہرین نے کہاہے کہ آم کی پیداوارکے لحاظ سے پاکستان دنیا کاساتواں بڑا ملک ہے جہاں آم کی سالانہ پیداوار 20لاکھ میٹرک ٹن ہے۔
محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے بتایاکہ صوبہ پنجاب میں آم کا زیرکاشت رقبہ ایک لاکھ 11ہزار 432 ایکڑ ہے جبکہ آم کی 20لاکھ میٹرک ٹن کی مجموعی ملکی پیداوار میں سے صوبہ پنجاب میں آم کی 13لاکھ میٹرک ٹن سے زائد پیداوار حاصل ہوتی ہے۔
زرعی ترجمان نے کہاکہ جب آم کا پھل در خت پرپک کر تیا ر ہو جا ئے تو اس کی پختگی کو جانچنے کےلئے کچھ مشاہداتی اور سائنسی عوامل پر انحصار کیا جاتا ہے جس میں آم کے کندھوں کے مکمل ابھار، قسم کے مطابق شکل و صورت اور آم کے اندر شکر کی مقدار کو شناخت کرنا ہے۔ جب پھل مےں مٹھاس یا شکر کی مقدار 10 سے 12 ڈگری برکس ہو جائے تو آم کا پھل برداشت کے قابل ہو جاتا ہے۔
اس مرحلہ پر آم کو درخت سے توڑلیا جائے تو پکنے پر آم کی تمام خصوصیات بہتر طور پر نمایاں ہوتی ہیں۔ اگر آم کو برآمد کرنا مقصود ہو تو پھر شکر کی مقدار 8 سے 10 ڈگری برکس ہونی چاہیے کیونکہ اس سے آم کے پھل کی بعداز
برداشت زندگی بڑھ جاتی ہے۔