کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محترمہ شہید بینظیر بھٹو کی 15ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ محترمہ شہید بینظیر بھٹو دنیا کے سیاسی افق پر ایک چمکتا ستارہ ہیں جو ہمیشہ اپنی آب و تاب کے ساتھ جگمگاتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ محترمہ شہید کی سیاسی بصیرت کو ساری دنیا تسلیم کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 27 دسمبر کو محترمہ بینظیر بھٹو کو پنڈی میں ایک سازش کے تحت شہید کیا گیا اور ملک کو تاریکی کی طرف دھکیلنے کی کوشش کی گئی جسے صدر آصف علی زرداری نے اپنی سیاسی بصیرت سے ناکام بنایا اور پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر ملک کے خلاف ہونے والی سازش کو ناکام بنادیا اور ملک دشمنوں کے مذموم مقاصد کو شکست دی ۔انہوں نے کہا کہ شہیدمحترمہ نے اپنے آخری منشور میں تعلیمُ، توانائی اور ماحولیات کے تحفظ کو سرفہرست رکھا ۔مراد علی شاہ نے کہا کہ محترمہ شہیدبے نظیر بھٹو جیسے عظیم، بہادر لیڈر صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں ۔ آج ہم گڑھی خدا بخش میں محترمہ شہید بینظیر بھٹو کے مزار پر اکٹھے ہو کر ان کے مشن کو آگے بڑھانے کےعہد کی تجدید کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں یہ اعزاز پاکر بہت خوشی محسوس کررہا ہوں کہ مجھے محترمہ شہید کی قیادت میں کام کرنے کا موقع ملا اور ان سے میں نے بہت کچھ سیکھا ۔