اسلام آباد(بیورو رپورٹ ) قومی ایئرلائن کا ایک اور لاجواب کارنامہ سامنے آگیا، مورخہ 25 دسمبر 2022 کو اسلام آباد سے بحرین جانے والی پرواز PK-187 کے دو معمر مسافر جن میں سے ایک مسافر وہیل چیئر پر تھیں، اکانومی کلاس میں سفر کرنے والے دونوں مسافروں کی سیٹ نمبر 4A اور 4B تھیں.دونوں مسافروں کی ادویات پر مشتمل ایک سفری بیگ مبینہ طور پر قومی ایئرلائن کی جانب سے اسلام آباد ائرپورٹ پر ہی چھوڑ دیا گیا کیونکہ اسی فلائٹ کے کچھ مسافروں نے اضافی فیس دے کر ایکسٹرا لگیج لوڈ کروایا تھا جس کی بناء پر معمر مسافروں کی ادویات پر مبنی بیگ اسلام آباد میں ہی چھوڑ دیا گیا.ذرائع کے مطابق دونوں معمر مسافر مہنگی ادویات کی غیر موجودگی میں صحت کی صورتحال کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہیں، اور بارہا قومی ایئرلائن کو شکایت درج کروانے اور بحرین میں پی آئی اے دفتر کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں.ذرائع کے مطابق پی آئی اے آفیشلز مسئلے کو حل کرنے اور مطلوبہ بیگ کو کمرشل فلائٹ سے بحرین روانہ کرنے سے گریزاں ہیں اور اس بات پر مصر ہیں کہ مطلوبہ بیگ اگلے اتوار کو اسلام آباد سے بحرین جانے والی پرواز کے ذریعے ہی بھجوایا جائے گا چاہے اس دوران معمر مسافروں کی صحت پر مخصوص ادویات کی غیر موجودگی میں جو بھی مضر اثرات مرتب ہوں.