اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ) وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ عطا مری نے شھید محترمہ بینظیر بھٹو کی 15ویں برسی کے موقع پر اپنے جاری کردہ ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ 27 دسمبر کو ہم شہید بینظیر بھٹو کے مزار پر اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ اُنہوں نے جمہوریت کی بالادستی کیلئے جو قربانی دی تھی وہ مشن ابھی پورا نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ 27 دسمبر 2022 ،شہید محترمہ بے نظیر بھٹو صاحبہ کی 15ویں برسی ہے۔ 27 دسمبر کو ایک بار پھر ہم محترمہ بے نظیر بھٹو کے مزار پر جاکر خراج تحسین اور خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ایک ایسی شخصیت جس نے پاکستان کے اندر جمہوریت کے لیے ،انسانی حقوق کے لیے اور لوگوں کے معاشی حقوق کیلئے بہت جدوجہد کی۔
وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ 27 دسمبر 2007کو اِسی عظیم شخصیت نے پاکستان کے اندر دہشت گردی کا مقابلہ کرتے ہوئے قوم کی خاطر بہت بڑی قربانی دی۔ اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے کئی کارکن بھی اُسی دن شہید ہوئے۔ لیکن آج بھی پاکستان پیپلز پارٹی اُسی شہید قائد کے مشن پر قائم ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نام سے منسلک ہے۔ ایک ایسا پروگرام جس کا خواب انہوں نے خود دیکھا تھا۔ وہ چاہتی تھیں کہ غریب گھرانوں کی کوئی ایسی مدد کی جائے جس سے وہ اس معاشرے کے اندر ایک باعزت زندگی گزار سکیں۔ یہ پروگرام اُن کی شہادت کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری نے شروع کیا جس سے تقریباً 8.5 ملین غریب خاندانوں کو انکم سپورٹ فراہم کیا جا تا ہے۔وفاقی وزیر شازیہ مری نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ27 دسمبر کو ہم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراج تحسین اور خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ہم اپنے آپ کو اور لوگوں کو یاد دلاتے ہیں کہ ابھی بھی بی بی شہید کا مشن پورا نہیں ہوا۔ وہ مشن جس کے ذریعے پاکستان ترقی کی اُونچائیوں کو چھوئے گا۔پاکستان اقتصادی،سماجی اور معاشرتی طور پر مضبوطط ہوگا۔ اِسی مشن کو لیکر پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری آگے بڑھ رہے ہیں ۔آیئے ملکر ہم اس عزم کو دھرائیں کہ ہم پاکستان کو ترقی یافتہ اور پراگریسیوں ملک باننا ہے۔