لاہور(نمائندہ خصوصی ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے ملک میں قانون کی بالادستی ناگزیر ہے اوراس کے بغیر اہم ٹاسک حاصل نہیں کئے جا سکتے، پولیس اور کریمنل جسٹس سسٹم میں بہتری کے لئے اصلاحات کی ضرورت ہے۔عمران خان سے زمان پارک میں ان کی رہائشگاہ پر پنجاب پولیس کے سابق آئی جیز نے ملاقات کی، ملاقات میں سابق آئی جیز شوکت جاوید ، چودھری یعقوب، خواجہ خالد فاروق اور طارق پرویز شریک ہوئے۔تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری اور حسان خاور بھی اس موقع پر موجود تھے۔ملاقات میں سابق آئی جیز نے پولیس ریفارمز اور کریمنل جسٹس سسٹم اصلاحات حوالے سے اپنے نکتہ نظر سے عمران خان کو آگاہ کیا۔ا س موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ملک میں قانون کی بالادستی ناگزیر ہے اور تحریک انصاف ہمیشہ سے اس کے لئے کوشاں ہے ۔ ملک میں معاشی سرگرمیوں اورسرمایہ کاری کے لئے بھی قانون کی بالادستی ناگزیر ہے ۔